اسلام آباد: وفاقی محکموں میں بلوچستان کے نوجوانوں کی بھرتیوں کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔
وفاقی حکومت نے بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے 13 وفاقی وزارتوں کے ماتحت 100 سے زائد محکموں میں بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پانچ ہزار ملازمتوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو میرٹ پر یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ نوجوانوں کو مرحلہ وار روزگار فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی شامل ہے، اور توقع ہے کہ اس اقدام سے صوبے میں بے روزگاری میں کمی آئے گی اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔