کراچی/اسلام آباد: سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز اورچ رئیس کراچی پہنچ گیا ہے، جو سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں اور سمندری حدود میں دو ماہ تک تھری ڈی سروے کرے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں تعاون پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی کی بنیاد پر سائنسی تحقیق اور تزویراتی تعاون کے نئے باب کا آغاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے، اور ملک کے پاس ایک طویل ساحلی پٹی موجود ہے جس کے وسائل سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے، اور ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے اس اشتراک کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔