جیوچوان: پاکستان اور چین کا مشترکہ خلائی مشن شین ژو-24 خلا میں پہنچ گیا، جس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے خلائی تعاون میں نیا سنہری باب رقم ہو گیا ہے۔
چین کا شین ژو-24 خلائی جہاز تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہو گیا۔ مشن میں چینی خلابازوں کے ساتھ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ نے اس تاریخی سنگ میل پر ایک دوسرے کو مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے بھی پاکستان کے پہلے انسان بردار خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے، اور کہا ہے کہ پاک چین دوستی آج زمین کی حدود سے آگے خلا کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھے گی اور دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔