اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور یہ کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے ضلعی سطح پر ایس ایم ای سہولت مراکز کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ان مراکز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی برآمدات میں اضافے کے لیے سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
ماہرین کے مطابق ضلعی سطح پر سہولت مراکز کے قیام سے کاروباری افراد کو رجسٹریشن، مالی معاونت اور رہنمائی جیسی خدمات ایک ہی جگہ میسر آ سکیں گی، جس سے روزگار اور برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔