کوئٹہ/اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی ترقی، معاشی استحکام اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ملاقات میں تعلیم، صحت، آبپاشی اور انفراسٹرکچر سمیت اہم شعبوں میں ترقیاتی تعاون کو وسعت دینے اور صوبے میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں میں ورلڈ بینک کی شراکت پر بھی گفتگو ہوئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔