اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے کی سلامتی کے لیے جامع مذاکرات ناگزیر ہیں، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ باہمی تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہمارے رہنما اصول ہیں، اور خطے میں معاشی ترقی کے لیے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو وسیع تر علاقائی ڈھانچے کا مکمل حصہ ہو اور تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ای سی او کو اجتماعی اقدامات اور علاقائی تعاون کے مؤثر پلیٹ فارم میں تبدیل ہونا چاہیے، تاکہ رکن ممالک مشترکہ چیلنجز کا مل کر سامنا کر سکیں۔