اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشرہ برداشت سے ہی ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے، اور پاکستان کا معاشرہ باہمی تعاون اور برداشت کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ صبر، برداشت اور دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کا عملی نمونہ ہے، اور مختلف مذاہب، روایات اور متنوع ثقافت پر مشتمل پاکستان کا تنوع ہماری قومی طاقت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوق اقلیت ایکٹ 2025 کا نفاذ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے قانونی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرتا ہے، اور حکومت قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد، نظریات اور حقوق کا احترام کرنا ہی حقیقی برداشت ہے، اور قوم کو رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔