کراچی: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان نے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق مقرر کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے، اس لیے موجودہ سبسڈی اسکیم کو ختم کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم آمدنی والے طبقے تک محدود رکھنے کے لیے سبسڈی اسکیم متعارف کرائی تھی۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ کم آمدنی اور کمزور طبقات کو قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے ہدف شدہ اقدامات ضروری ہیں، تاہم عمومی سبسڈی کے بجائے سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنایا جائے۔
ادارے نے یہ بھی کہا کہ پاکستان معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے سرکاری مالیات بہتر بنانے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے۔