اسلام آباد: پاکستان اور ازبکستان نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اعلیٰ حکام کی ازبکستان کے سفیر سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں بشمول زراعت، توانائی اور صنعت میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ دوطرفہ وفود کے تبادلے کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوستانہ تعلقات کی مضبوطی خطے میں معاشی تعاون اور رابطوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔