اسلام آباد: ماری انرجیز نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے اہم ذخائر کی دریافت کی گئی ہے، جبکہ رپورٹ کے مطابق نئی دریافت ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
چاغی کا علاقہ پہلے ہی ریکوڈک اور سینڈک جیسے بڑے معدنی منصوبوں کی وجہ سے عالمی سطح پر جانا جاتا ہے، اور نئی دریافت سے خطے کی معدنی اہمیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معدنی وسائل کی نئی دریافتیں بلوچستان میں سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور ملکی برآمدات میں اضافے کا ذریعہ بن سکتی ہیں، بشرطیکہ ان سے حاصل ہونے والے فوائد مقامی آبادی تک بھی پہنچیں۔