کراچی: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سلیم اللہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر 45 ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بہتر مالیاتی پراڈکٹس نہ ہونے کے باعث ترسیلات زر کا ایک بڑا حصہ غیر رسمی ذرائع سے ملک میں آتا ہے، جسے روکنے کے لیے بینکنگ نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی گورنر کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے جدید بینکنگ سہولیات اور متبادل سرمایہ کاری کے مواقع متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے تاکہ ترسیلات زر میں مزید اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مالی سال میں بینکنگ چینلز کے ذریعے ترسیلات زر کے رجحان میں مزید بہتری آئے گی، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو استحکام ملے گا۔