اسلام آباد: پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی نوعیت کے نئے معاہدوں کی توقع ہے، جن پر مکہ مکرمہ میں جاری سفارتی رابطوں کے دوران غور کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس تعاون کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا اور تینوں برادر اسلامی ممالک کے مابین سیاسی و دفاعی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں سلامتی کے چیلنجز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مبصرین کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مابین سہ فریقی تعاون کا فروغ نہ صرف دفاعی میدان بلکہ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو بھی نئی جہت دے سکتا ہے، جس سے تینوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تزویراتی ہم آہنگی میں اضافہ متوقع ہے۔