کوئٹہ: بلوچستان کے علاقوں وڈھ اور کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورک "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کا آغاز کیا گیا، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے آپریشن مکمل کیا گیا۔ آپریشن کے دوران موقع سے اسلحہ اور بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد مختلف دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی میں بھی شریک رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ دیگر مفرور دہشتگردوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی پشت پناہی میں پلنے والے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔