اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی کمپنی علی بابا گروپ کے ساتھ تعاون سے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، اور چھوٹے و میانہ درجے کے کاروباروں کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی اور سازگار مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
علی بابا گروپ کے ساتھ تعاون سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس شراکت داری سے پاکستان کے معاشی اہداف اور گورننس کے نظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس کے میدان میں تعاون سے پاکستانی تاجروں اور پیداواری اداروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ علی بابا گروپ کے ساتھ تعاون کے لیے ضروری اقدامات نومبر تک مکمل کیے جائیں اور مقررہ مدت، واضح اہداف اور مؤثر نگرانی کے ساتھ ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ وزارتوں کو اس ضمن میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس تعاون سے زرعی شعبے کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباروں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دینے میں مدد ملے گی، جو ملکی معیشت کے لیے طویل مدتی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔