اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بات انہوں نے پاکستانی اور سعودی عسکری حکام کے درمیان دفاعی و اسٹریٹجک امور پر ہونے والی ملاقات کے دوران کہی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج ہر صورت میں سعودی عرب کے دفاع اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون برادرانہ تعلقات کی اہم بنیاد ہے۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے علاقائی سلامتی، دفاعی تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں کے فروغ پر بھی اتفاق کیا، جبکہ پاک سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔