لاہور: پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس پر دی گئی رعایتی مدت ختم ہونے کے بعد رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ریکارڈ 42 ارب 99 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کے مطابق یہ رقم گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 ارب 55 کروڑ روپے زائد ہے، جو ٹیکس وصولی کے نظام میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رعایتی پیریڈ کے خاتمے کے بعد نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے نگرانی کو مؤثر بنانے سے وصولی کی شرح میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ریونیو میں اضافہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا، جبکہ آئندہ مالی سال میں بھی ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید جدید اور شفاف بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔