اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ نئے فارمولے کے تحت پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مقامی ریفائنریز کے ساتھ مل کر پٹرول کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا فارمولا تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے عالمی مارکیٹ کے حوالے سے ریفائنریز کو دیے جانے والے اضافی پریمیم کو کنٹرول کیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت لانا اور صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور ترسیل کے عمل میں شفافیت لانے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری اخراجات کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ درآمد اور ترسیل کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے تاکہ راستے میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
وزارتِ خزانہ ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کے باوجود حکومت محدود وسائل میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اور آئندہ نظرثانی میں بھی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا۔