گوادر: گوادر کے ساحلی پانیوں میں 500 سے زائد نایاب ڈولفنز کے ایک بہت بڑے گروپ کا مشاہدہ کیا گیا ہے، جسے ماہرین نے سمندری حیات اور ساحلی ماحولیاتی نظام کے لیے ایک انتہائی مثبت علامت قرار دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ڈولفنز کی نایاب نسل بلوچستان کے ساحلی علاقوں بشمول بحیرہ عرب کے پانیوں میں پائی جاتی ہے، تاہم اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ ان کا نظر آنا غیر معمولی واقعہ ہے۔ اس مشاہدے کو سمندری حیاتیاتی تنوع کے ماہرین نے سائنسی طور پر اہم قرار دیا ہے۔
مقامی ماہی گیروں اور ساحلی علاقوں کے باسیوں کا کہنا ہے کہ ڈولفنز کے بڑے جھنڈ کا نظر آنا سمندر میں صحت مند ماحولیاتی نظام اور خوراک کی فراوانی کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس نایاب نسل کے تحفظ کے لیے غیرقانونی ماہی گیری اور سمندری آلودگی کی روک تھام ضروری ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ گوادر کے ساحل پر اس طرح کے مناظر مستقبل میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ سمندری حیات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔