اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا ہے کہ پاکستان نے یورو بانڈز کے اجراء کے ذریعے عالمی مالیاتی منڈی سے 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور ریسپانس سامنے آیا اور آرڈرز کی مجموعی مالیت 6 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی، جو مقررہ ہدف سے دگنی سے زائد رہی۔ یہ بانڈز 5.5 اور 10 سال کی مدت کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب بانڈ اجراء کا مقصد رواں مالی سال کے اختتام تک ملک کے زرمبادلہ ذخائر کو آرام دہ اور اطمینان بخش سطح پر لانا ہے۔ عالمی مالیاتی منڈی تک رسائی حاصل کرنا پاکستان کی معاشی ساکھ کی بحالی کی جانب ایک اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ حکومتی معاشی اصلاحات کے نتائج کی عکاسی کرتا ہے، اور توقع ہے کہ آئندہ بھی پاکستان بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں سے استفادہ کرتا رہے گا۔