کراچی: عالمی سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کی ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے 60 فیصد افراد سائبر حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، جبکہ 25 فیصد صارفین کو مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
تحقیق کے مطابق 27 فیصد صارفین کو براہ راست ہیکنگ کا سامنا کرنا پڑا یا انہیں فشنگ لنکس موصول ہوئے، جبکہ 20 فیصد افراد جعلی ویب سائٹس اور جعلی ایپلیکیشنز کا شکار بنے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن تعلیمی پلیٹ فارمز کے استعمال میں اضافے کے ساتھ سائبر جرائم پیشہ عناصر بھی طلبہ اور صارفین کو نشانہ بنانے کے نئے طریقے اپنا رہے ہیں، جن میں جعلی کورسز، فرضی سرٹیفکیٹس اور دھوکہ دہی پر مبنی ویب سائٹس شامل ہیں۔
کیسپرسکی حکام نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف تصدیق شدہ اور معتبر پلیٹ فارمز سے آن لائن تعلیم حاصل کریں، مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں اور اپنے آلات پر مستند سیکیورٹی سافٹ ویئر نصب رکھیں تاکہ ذاتی اور مالی معلومات کو محفوظ بنایا جا سکے۔