اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت زراعت اور کاروباری شعبوں کو قرضوں کی فراہمی کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں زرعی شعبے میں قرضوں کا مجموعی حجم 1329 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جس سے تقریباً 35 لاکھ کسان مستفید ہو رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کے شعبے میں قرض حاصل کرنے والے کاروباری افراد کی تعداد بھی 3 لاکھ 42 ہزار 458 تک پہنچ گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن سے برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ کسانوں کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ کاروباری افراد کو قرضوں کی فراہمی کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے، خصوصاً روزگار فراہم کرنے والے چھوٹے اور متوسط درجے کے کاروباروں کے لیے سہل اسکیمیں متعارف کرائی جائیں۔
حکام کے مطابق حکومت زراعت اور ایس ایم ای سیکٹر کو ترقی دینے کے لیے بینکوں کے ذریعے قرضوں کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاکہ دیہی معیشت مستحکم ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔